یوسف ابن الحسن — اسلامی معاشیات و مالیات کے ممتاز مفکر اور محقق

یوسف ابن الحسن

تعارف اور پس منظر

یوسف ابن الحسن پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی معاشیات، اسلامی بینکاری، مالیات، تکافل، ہاؤسنگ فنانس اور کارپوریٹ مشاورت کے ممتاز اہلِ علم میں شمار ہوتے ہیں۔ تقریباً نصف صدی پر محیط علمی، تحقیقی اور عملی خدمات کے ذریعے انہوں نے اسلامی مالیاتی نظام کی تشکیل، فروغ اور ارتقاء میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

علمی و عملی خدمات

١٩٨٢ء میں اسلامی بینکاری کے بانی مفکر ڈاکٹر احمد النجار کی نگرانی میں اسلامی بینکاری کے اولین اعلیٰ تربیتی پروگرام میں شرکت کے بعد انہوں نے پاکستان کے پہلے اسلامی تجارتی بینک کے قیام، شرعی مالیاتی مصنوعات کی تیاری، ہاؤسنگ فنانس، تجارتی و صنعتی مالیات اور متعدد قومی و بین الاقوامی منصوبوں میں مؤثر خدمات انجام دیں۔

جامعات، مالیاتی اداروں اور مذہبی تعلیمی مراکز میں ایک لاکھ سے زائد طلبہ، ہزاروں پیشہ ور افراد اور علماء کی تربیت، اسلامی بینکاری کا اولین جامع اردو نصاب، تخصصی تربیتی پروگرام، تحقیقی دستاویزات اور متعدد علمی تصانیف ان کی نمایاں علمی خدمات کا حصہ ہیں۔

تصانیف اور علمی کارنامے

ان کی کتاب اسلامک بنکنگ اینڈ اپلائڈ فنانس عالمی سطح پر شائع ہو چکی ہے، جبکہ اس کا اردو ترجمہ “اسلامی بینکاری اور عملی مالیات” بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اسلامی معاشیات، مالیات اور بینکاری پر ان کی جامع تحقیقی تصنیف “ریڈ ان دی نیم اوف یور لارڈ”،  “اپنے رب کے نام سے پڑھ”،  ایک جامع مطالعہ اس وقت تدوین، نظرِ ثانی اور اشاعت کے آخری مراحل میں ہے۔ اسلامی معاشیات و مالیات پر ان کی علمی و تحقیقی خدمات کو قومی اور بین الاقوامی علمی حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

تحریری اسلوب اور خصوصیات

ان کی تحریروں کا اسلوب تحقیق، استدلال، ادبی شائستگی اور فکری گہرائی کا حسین امتزاج ہے۔ وہ پیچیدہ معاشی اور مالیاتی موضوعات کو نہایت سادہ، مؤثر اور عام فہم انداز میں بیان کرتے ہیں۔ قرآنی تعلیمات، تاریخی شواہد اور عملی مثالوں کی روشنی میں ان کی تحریریں نہ صرف علمی بصیرت عطا کرتی ہیں بلکہ قاری کو فکری رہنمائی اور عملی سمت بھی فراہم کرتی ہیں۔ یہی خصوصیات انہیں اپنے عہد کے ممتاز مصنف، محقق، استاد، تربیت کار اور اسلامی مالیات کے مؤثر مفکرین میں منفرد مقام عطا کرتی ہیں۔