تعلیمی پس منظر اور ابتدائی سفر
ڈاکٹر شاہ محمد منیر عالم شعبہ تعلیم، عوامی خدمت اور سماجی بہبود میں ایک معتبر اور ہمہ جہت شخصیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم فریال ماڈل اسکول سے مکمل کرنے کے بعد اردو سائنس کالج سے بی ایس سی اور جامعہ کراچی سے فزکس میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے شوق کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ہمدرد یونیورسٹی سے ایم فل اور بعد ازاں پی ایچ ڈی کی تلامذہ ڈگریاں حاصل کیں۔
پیشہ ورانہ تدریسی اور انتظامی خدمات
ان کا پیشہ ورانہ سفر تعلیمی میدان سے شروع ہوا جہاں انہوں نے جونیئر اسکول ٹیچر سے لے کر ہائر سیکنڈری اسکول عزیز آباد میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ (فزکس) اور ہیڈ ماسٹر کے عہدوں پر بحسن و خوبی فرائض انجام دیے۔ اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کی بدولت انہوں نے ڈی سی آفس میں تقریباً ۱۱ سال آن ڈیپوٹیشن خدمات انجام دیں، جہاں وہ مختلف اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ فوکل پرسن، مردم (Census) شماری
کے نگراں اور الیکشن کمیشن کے اہم و حساس امور (بشمول پریزائیڈنگ و ریٹرننگ افسر) میں پیش پیش رہے۔
اسکاؤٹنگ اور اساتذہ کے حقوق کی جدوجہد
تدریس اور انتظامی امور کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر شاہ محمد منیر عالم نے اسکاؤٹنگ کے شعبے میں بطور ‘اسکاؤٹ آرگنائزر کراچی’ ملک گیر (SPSSA)سطح پر نوجوانوں کی تربیت کی۔ اس کے علاوہ وہ سندھ پروفیسر اینڈ سبجیکٹ اسپیشلسٹ ایسوسی ایشن
کے تقریباً ۱۰ سال تک صوبائی جنرل سیکرٹری اور مرکزی کمیٹی کے انفارمیشن سیکرٹری رہے، جہاں انہوں نے اساتذہ کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد علمی و مذہبی خدمات
ڈاکٹر شاہ محمد منیر عالم گزشتہ تقریبًا بیس سالوں سے بحیثیت ‘کنوینر سندھ’ پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسلام آباد سے منسلک ہیں جو پورے ملک میں طلبہ اور معذوروں کیلئے خدمات انجام دے رہی ہےاور سندھ بھر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کی علمی و سماجی خدمات کا سلسلہ جاری رہا؛ انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ملیر یونیورسٹی اور میٹروپولیٹن یونیورسٹی جیسے معتبر اداروں میں بطور وزٹنگ فیکلٹی ایم ایڈ، ایم اے اور بی ایڈ کی کلاسز کو تدریسی خدمات فراہم کیں۔ فی الوقت وہ اپنی سوسائٹی کی جامع مسجد حمیدی کی کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے مذہبی اور رفاہی کاموں کی سرپرستی فرما رہے ہیں۔



