ڈاکٹر عقیل عباس جعفری: تحقیق و ادب کا ایک معتبر نام

عقیل عباس جعفری

ڈاکٹر عقیل عباس جعفری: تحقیق و ادب کا ایک معتبر نام

 zikrekitab.com  محترم عقیل عباس جعفری صاحب نے

پر بلاگز لکھنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جو ہمارے لیئے خوشی اور اعزاز ہے

ڈاکٹر عقیل عباس جعفری کا نام تحقیق کے شعبے میں نیا نہیں۔ انھوں نے ابتداء معلومات عامہ کے شعبے سے کی اور اس حوالے سے کئی کتابیں تحریر کیں جن میں 366 دن، صفر سے سو تک، جہان معلومات، ہے حقیقت کچھ…، ایک سال پچاس سوال، کون بنے گا کروڑ پتی؟ ، پاکستان کرونیکل کوئز بک اور قائداعظم معلومات کے آئینے میں شامل ہیں۔

تصنیفی خدمات: تاریخ، تحقیق اور تدوین

ڈاکٹر عقیل عباس جعفری کی سب سے نمایاں کتابیں ’’پاکستان کرونیکل‘‘ اور ’’پاکستان کرونیکل ضمیمہ‘‘ ہیں۔ ان کی دیگر کتابوں میں بیسویں صدی سال بہ سال،پاکستان کے سیاسی وڈیرے،پاکستان کی ناکام سازشیں، پاکستان کی انتخابی سیاست، قائداعظم کی ازدواجی زندگی ،لیاقت علی خان قتل کیس، پاکستان کا قومی ترانہ :کیا ہے حقیقت ؟کیا ہے فسانہ؟ ، پاکستان کی متوازی تاریخ، معتوب کتابیں ، وفیات : وطن سے دور، سوز خوانی کا فن اور کراچی کی عزاداری شامل ہیں۔

انھوں نے موسیقی کے موضوع پر لکھے گئے شاہد احمد دہلوی کے مضامین کا مجموعہ مضامین موسیقی ،علی سردار جعفری: شخصیت اور فن ، میر باقر علی داستان گو:داستانیں اور داستان گوئی، عصمت چغتائی کے خاکوں کا مجموعہ چراغ روشن ہیں، خاکوں ہی کا ایک اور مجموعہ اپنی یاد میں

عرفان صدیقی کی شاعری کی کلیات سخن آباد ،نصراللہ خان کی خودنوشت اِک شخص مجھی ساتھا ،سید جلال الدین حیدر کی خودنوشت ، ملکہ ترنم نور جہاں کا ایک نادر انٹرویو کہاں تک سنائوں اور بہزاد لکھنوی کی کہانیاں ’’حکیم بڈھن ‘‘ کے عنوان سے مدون کیں۔ ان کی غزلیات کا مجموعہ ’’تعلق‘‘ اور سلاموں کا مجموعہ ’’فرشِ عزا‘‘ کے نام سے شائع ہوچکے ہیں

جبکہ ان کا نعتیہ مجموعہ ’’تروتازہ‘‘ کے نام سے زیر ترتیب ہے۔ ڈاکٹر عقیل عباس جعفری کاپی ایچ ڈی کا مقالہ بھی پاکستان کی اردوفلمی صنعت کے نام سے اشاعت پزیر ہوچکا ہے۔

براڈکاسٹنگ اور میڈیا میں گراں قدر شراکت

ڈاکٹرعقیل عباس جعفری نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لاتعداد پروگرامز کے اسکرپٹس بھی تحریر کیے جن میں سات دن، ٹی وی انسائیکلو پیڈیا، ٹیلی شو، پرائڈ شو، ہم مصطفوی،یہ تو مجھے پتا ہے،یونیورسٹی چیلنج،جہاں نما، ایک سال پچاس سوال، سارک کوئز، ملینیم کوئز، یو۔این کوئز، جو جانے وہ جیتے،ہم کسی سے کم نہیں،بیسویں صدی: سال بہ سال اور رات گئے کے نام سرفہرست ہیں۔

انھوں نے اے۔ آر۔ وائی کے پروگرام ’’کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی؟‘‘ اور جیو ٹیلی وژن کے پروگرام ’’یہ گھر آپ کا ہوا‘‘ کے سوالات بھی مرتب کیے۔

شعری تخلیق اور بین الاقوامی ادبی شناخت

ڈاکٹرعقیل عباس جعفری کا شمار اپنی نسل کے نمائندہ شعرا میں ہوتا ہے۔ان کی تخلیقات ادب کے معتبر جرائد میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ وہ 2000ء میں ریڈیو پاکستان کا ’’بہترین نعت گو‘‘ اور ’’بہترین قومی نغمہ نگار‘‘ کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ وہ بین الاقوامی مشاعروں ، سیمینارز اور کتاب میلوں میں شرکت کے لیے امریکا، کینیڈا، برطانیہ، عوامی جمہوریہ چین، بھارت، متحدہ عرب امارات ، ایران اورسلطنت مسقط و اومان کے سفر بھی کرچکے ہیں۔

اردو لغت بورڈ میں ڈیجیٹل خدمات

ڈاکٹر عقیل عباس جعفری نے 2016ء سے 2019ء تک اردو لغت بورڈ ،کراچی میں بطور مدیر اعلیٰ فرائض انجام دیئے۔ اس دوران انھوں نے 22 جلدوں پر مشتمل اردو کی اس عظیم الشان لغت کا ڈیجیٹل ورژن انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین ادب تک پہنچا دیا۔ انھوں نے اس عظیم لغت کی دو جلدوں میں تلخیص بھی تیار کی اور اسے سی ڈی کی شکل میں بھی محفوظ کیا۔

اعزازات اور حکومتی پذیرائی

اردو ادب،لسانیات اور پاکستانیات کے شعبوں میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر14اگست 2023ء کو حکومت پاکستان نے انھیں تمغہ امتیاز کے اعزاز سے سرفراز کیا۔ 2004ء میں پاکستان کوئز سوسائٹی نے انھیں کوئز ایکسیلینس ایوارڈ، 2010ء میں وزڈم پاکستان فورم نے ہیروز آف پاکستان کمال کارکردگی ایوارڈ

سینٹرآف سوک ایجوکیشن پاکستان نے سوک ایجوکیشن ایوارڈ،2011ء میں اے پی این ایس نے بہترین فیچر نگار ، 2020ء میں آثار و افکار اکادمی نے بہترین مصنف اور 2023ء میں پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن اور کراچی انٹرنیشنل بک فیئر نے ان کی ادبی خدمات پر نشان سپاس عطا کیاجبکہ2014ء میں نیشنل بک فائونڈیشن نے انھیں سفیر کتاب کے منصب پرفائز کیا۔ 2024ء میں ان کی کتاب ’’معتوب کتابیں‘‘ کو سال کی بہترین تحقیقی کتاب کا ڈاکٹر جمیل جالبی یادگاری ایوارڈ عطا کیا گیا۔